گوجرانوالہ نیوز
سیالکوٹ
سمبڑیال کے تینوں ریلوے سٹیشن بھوت بنگلہ میں تبدیل
سمبڑیال: تحصیل سمبڑیال کے تینوں ریلوے سٹیشن بھوت بنگلہ کا منظر پیش کرنے لگے ، درجن بھر ریل گاڑیوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ صرف ایک ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس ہی وزیرآباد سے براستہ بیگووالہ ، سمبڑیال آتی ہے ضلع سیالکوٹ کی اہم ترین تحصیل سمبڑیال میں مسافروں کیلئے ریل گاڑیاں غائب ہوچکی ہیں ۔قبل ازیں سمبڑیال ریلوے سٹیشن پر سمہ سٹہ ، بہاول پورایکسپریس ، نارووال ایکسپریس ، وزیرآباد ایکسپریس ،ریل کار پنڈی ایکسپریس آ تی تھیں جن کے بند ہونے سے مسافر سستے اورآرام دہ سفرسے محروم اورتاریخی ریلوے سٹیشن اجڑ کر رہ گئے ہیں ،شہری چوہدری نعمان اکبر گھمن ، لیبر رہنما شیخ شفیق الرحمان ، انجمن تاجراں کے صدر شیخ طاہر دانش ، شیخ ثناء اﷲ ، شیخ ذوالفقار ، شیخ عظمت اﷲ نے وزیر ریلوے شیخ رشید سے مطالبہ کیا ہے کہ سمہ سٹہ اورراولپنڈی ریل کار کو فوری بحال کیا جائے ۔
سانحہ سیالکوٹ جیل اور لاہور کیخلاف وکلاء کی ہڑتال
سیالکوٹ:ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی سانحہ سیالکوٹ جیل اور لاہور خود کش دھماکہ کیخلاف ہڑتال ، شہید اور زخمی افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا ۔ گزشتہ روز صدر ڈسٹرکٹ بار شوکت علی چودھری ، سیکرٹری بار زاہد سلیم باجوہ و دیگر وکلاء نے اجلاس میں25جولائی 2003ء میں ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں شہید ہونے والے ججز کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئی ۔
پاک فوج اور سیالکوٹ چیمبر کے اشتراک سے لٹل اینجل ہوم قائم
سیالکوٹ : فوج اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے چار سو سپیشل بچوں کی دیکھ بھال، پرورش اور تعلیم و تربیت کا ذمہ اٹھا لیا۔ سیالکوٹ چیمبرکے صدر میجر (ر)منصور نے دنیا کو بتایا کہ چیمبر نے پاک فوج کے اشتراک سے لٹل اینجل ہوم کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہے جس میں 140سپیشل بچے تعلیم و تربیت حاصل کررہے جن میں سے 91سویلین جبکہ 49آرمی پرسنز کے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پراجیکٹ کی اہمیت کے پیش نظر اسکو توسیع دینے کیلئے پاک فوج نے 64کروڑ مالیت کی 32کنال اراضی مختص کی ہے جس میں چیمبر اور ممبران بلڈنگ کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں گے جبکہ شہریوں سے بھی مدد کی اپیل ہے ۔
سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ ‘ 6من مضر صحت گوشت برآمد
سیالکوٹ: نیٹو میٹ شاپ کینٹ کے سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ ، جعلی سرکاری مہریں اور6 من مضر صحت گوشت برآمد، چار ملزم گرفتار کر لئے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر میثم عباس نے ویٹرنری ڈاکٹر محمود کے ہمراہ دوبرجی میں شیخ عرفان اور عرفان بٹ کے خودساختہ سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا تو وہاں سے جعلی سرکاری مہریں ا ور 6 من وزنی مضر صحت گوشت برآمدہوا جبکہ چار ملزمان ارشد ، ابراہیم ، اکبر علی اور مجید مسیح کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ اے سی نے دنیا کو بتایا کہ نیٹو میٹ شاپ کینٹ کے مالکان نے 7 سال سے لاہور سے اپناسلاٹر ہاؤس بنانے کی اجازت لے رکھی ہے۔
گیپکو اہلکار دینی مدرسہ کا میٹر تبدیل کرنے سے انکاری
سیالکوٹ: گیپکو اہلکار دینی مدرسہ کا میٹر تبدیل کرنے سے انکاری ہیں ۔ ڈالووالی روڈ کے دینی مدرسہ اور مسجد کا بجلی میٹر بارش کی وجہ سے سات روز قبل جل گیا تھا ۔ گیپکو عملہ شکایات کے باوجود خاموش تماشائی بنا ہواہے ۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مدرسہ میں زیر تعلیم بچے شدید گرمی اوراندھیرے میں پڑھنے پر مجبور ہیں ۔ مہتمم قاری میاں خادم حسین نے بتایا کہ گیپکو حکام نے گاڑی کا بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ بجلی کا میٹر تبدیل کیا جاسکے جوکہ ظلم وزیادتی ہے گاڑی نہ لا کر دینے پر ہم سات روز سے خوار ہو رہے ہیں۔رابطہ پر ایکسین نے یقین دہانی کروائی کہ جلد میٹر کو تبدیل کر دیا جائے گا ۔
پیپلزپارٹی سیالکوٹ کے رہنمائوں کی یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد
سیالکوٹ: پیپلزپارٹی سیالکوٹ کے رہنمائوں چوہدری اظہر حسن ایڈووکیٹ، سابق سٹی صدر خواجہ اویس مشتاق ایڈووکیٹ، ملک نصیر احمد اعوان، ماسٹر محمد شفیع، شہباز خان، چوہدری سید علی، شکیل علوی، ریاض شاہ ودیگر نے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو علی حیدر کی رہائی پر مبارکباد دی ہے ۔
گلشن اقبال پارک کھنڈرات کا نقشہ پیش کرنے لگا
سیالکوٹ: عوام کے لاکھوں روپے جھونکنے کے باوجود گلشن اقبال پارک کھنڈر ات کا منظر پیش کرنے لگا، گندگی ، ٹوٹ پھوٹ اور جنگلی بوٹیوں کے باعث شہریوں کی تفریح چھن گئی ۔ گنجان آباد دوبرجی آرائیاں اور لیبر کالونی سے ملحقہ گلشن اقبال پارک سیالکوٹ کا دوسر ا بڑا پارک ہے جہاں کبھی خوبصورت جھولے ، کشتی چلانے کیلئے جھیل ، خوبصورت پھولوں سے سجی کیاریاں ، بچوں و بڑوں کیلئے الیکٹرانک جھولے ، نایاب پھولوں و درختوں سے اٹی خوبصورت چھوٹی پہاڑیاں ہوا کرتی تھیں وہاں آج کھڈے پڑے ہوئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں سیر کرتے ہوئے بھی ڈر لگتا ہے ۔،انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔
نامعلوم شخص کی ریت میں دبی 15روز پرانی نعش برآمد
سیالکوٹ: نامعلوم شخص کی ریت میں دبی 15روز پرانی نعش برآمدہوئی ہے ۔ صدر پولیس کے مطابق نعش کی شناخت نہیں ہوسکی ، منادی و تشہیر کروادی ہے جلد معلومات مل جائیں گی۔
جعلی پولیس اہلکار گرفتار
سیالکوٹ: پولیس کی وردی پہن کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے شخص کوگرفتار کرلیا ۔ تھانہ بیگووالہ کے علاقہ ملہی چوک سے پولیس نے پولیس کی وردی پہن کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے شخص تصور حسین کوگرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
قحبہ خانہ سے چار خواتین سمیت5افراد گرفتار
سیالکوٹ: تھانہ مراد پور کے علاقہ شاہ خاکی کے قریب پولیس نے قحبہ خانہ پر چھاپہ مار کر رنگ رلیاں منانے میں مصروف فرح بی بی، عظیم، یاسمین، انعم اور شکیلہ کو گرفتار لیا اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی .
اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو پانچ سال قید بامشقت اور جرمانہ
سیالکوٹ: سول جج سیالکوٹ محمد اکرم رانجھا نے اقدام قتل میں ملوث ملزم اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالرحمن کو جرم ثابت ہوجانے پر پانچ سال قید بامشقت اور چالیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا ہے ۔ استغاثہ کے مطابق اے ایس آئی عبدالرحمن اور اسکے ساتھیوں نے2 اپریل 2014کو پمپ ایکشن سے فائرنگ کرکے محمد قیصر کو زخمی کیا تھا۔
بین الاضلاعی گینگ کے سرغنہ سمیت 5 ارکان گرفتار
سیالکوٹ: تھانہ صدر سیالکوٹ پولیس نے 40 سے زائد وارداتوں میں مطلوب بین الاضلاعی گینگ کے سرغنہ اویس عرف اویسا سمیت ڈکیت گینگ کے پانچ ارکان کو گرفتار کر کے 4پستول 25 گولیاں ،10موبائل فون ،طلائی زیورات ، نقدی 50ہزارروپے ، موٹر سائیکل اور رکشہ برآمد کر لیا۔ڈی ایس پی طارق سکھیرا اور ایس ایچ او سیف اﷲ ورک کا کہنا تھا کہ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزمان اویس عر ف ویسا ،فیصل، محمد ندیم، راشد علی اور بلا ل کو گرفتار کیا گیا۔
غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد،متعدد افراد کو گرفتارکر لیا گیا
سیالکوٹ،کنجاہ،راہوالی: غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔سیالکوٹ پولیس نے محمد یاور سے پانچ لٹر شراب، حسین سے 180گرام چرس، نوید 210گرام، اﷲ دتہ سے پانچ لٹر، احسان سے پانچ لٹر شراب، فیصل سے 1220گرم پوست بھکی، الیاس سے چار لٹر شراب، سجاول سے پانچ لٹر شراب اور اویس سے چار لٹر شراب برآمد کرکے گرفتار کر لیا۔ تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ محلہ امام صاحب میں ہاشم جاوید کے 56لاکھ روپے خوردبرد کرنے پر شہباز کیخلاف، تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ جیرام پورہ میں قحبہ خانہ چلانے والی خاتون وحیدہ سمیت عثمان، سفیان اور گلشن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس چوکی خوجیانوالی نے دوران گشت جھیورانوالی کے اعتزاز احمد سے گیارہ سو بیس گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کینٹ پولیس نے کامران شہزاد کو 61ہزار روپے کا بوگس چیک دینے پر محمد سعید سکنہ ڈھینگرانوالی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔
گونگی خاتون سے اوباش کی گن پوائنٹ پر زیادتی، ملزم گرفتار
پسرور : گونگی بہری خاتون سے اوباش شخص کی گن پوائنٹ پر زیادتی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ قلعہ کالر والا کے گاؤں کتھووالی میں ظہیر نے اپنے پڑوسی ساجد کی بیوی کو گھر میں اکیلا پاکر زیادتی کر ڈالی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔ خاتون کی میڈیکل رپورٹ میں بھی زیادتی ثابت ہو گئی ہے .
گرلزپرائمری سکول ککوال کی ہیڈمسٹریس ایک سال سے غائب
سیالکوٹ : گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول ککوال کی ہیڈمسٹریس ایک سال سے عارضی ڈیوٹی کے نام پرغائب، اکلوتی ٹیچر80سے زائدطالبات کوپڑھانے پرمجبور،اہل دیہہ سراپا احتجاج بن گئے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہیڈمسٹریس یاسمین سلمیٰ مارچ2015سے عارضی ڈیوٹی کے نام پرسکول سے غائب ہے ۔ ہیڈمسٹریس کاعارضی ڈیوٹی کاکوئی ریکارڈبھی سکول میں موجودنہیں اورموصوفہ گھربیٹھے تنخواہیں وصول کررہی ہے ۔اکلوتی ٹیچرکاکہناہے کہ میں محکمہ تعلیم اورضلعی انتظامیہ کوبارہادفعہ ہیڈمسٹریس کی عارضی ڈیوٹی کیخلاف درخواستیں بھجواچکی ہوں لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی۔ دوسری طرف موقف کیلئے یاسمین سلمیٰ سے رابطہ نہیں ہوسکا۔
سٹاف کی اپ گریڈیشن نہ ہونے پر ایپکا سیالکوٹ کا احتجاج
سیالکوٹ : آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن سیالکوٹ نے سرکاری ملازمین کو اپ گریڈیشن سے محروم رکھنے پر ضلع کچہری میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے صدر فدا حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر آپریٹرز،کلریکل سٹاف کے گریڈ 1تا 16تک تمام ٹیکنیکل کیڈرز کے ملازمین کو اپ گریڈ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤس رینٹ،شادی گرانٹ کم از کم چار لاکھ روپے کی جائے اور پنشن کی شرح کے سابق طریقہ کار 50 فیصدکو بحال کیا جائے ۔
حوالات کی سلاخیں کاٹ کرفرار ہونیوالا ڈکیت گرفتار
سیالکوٹ: حوالات کی سلاخیں کاٹ کرفرار ہونیوالے ایک ڈکیت کو گرفتارکر لیا گیا۔تین روز قبل تھانہ رنگپورہ سے حوالات کی سلاخیں کاٹ کر فرار ہونیوالے تین خطرناک ڈکیتوں ثاقب ، بلا ل اور عبدالحمید میں سے پولیس نے ایک ڈکیت ثاقب عرف کاکا ڈان کو گرفتار کرلیا ہے ۔
پانا ما لیکس نے حکمرانوں کو بے نقاب کر دیا:پاکستان عوامی تحریک
سیالکوٹ: قائد تحریک طا ہر القادری نے سیا ست نہیں ریاست بچاؤ کا جو نعرہ بلند کیاتھا آج پاکستان کی سلا متی کے اہم اداروں سمیت پوری پاکستانی قو م اس نعرے پر یکجا ہو تی دکھا ئی دے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک کے رہنما میاں محمد رضا قادری ،ملک یا سر ،راشد محمود با جو ہ ، اسلم قادری ،ہما یوں میر ،عدنا ن احمد و دیگر نے پی اے ٹی کے زیر اہتمام حکمران خاندان کی میگا کر پشن ،آف شور کمپنیز،منی لا نڈرنگ ،لوٹ مار اور ماڈل ٹاؤن قتل عام کے خلاف سیالکوٹ پریس کلب کے سامنے احتجا جی مظا ہر ے سے خطا ب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پا نا ما لیکس کے بعد نواز شریف کا وزارت عظمیٰ کی سیٹ پر بیٹھنے کا جواز ختم ہو چکا ہے ۔ پانا ما لیکس نے حکمرانوں کے چہروں سے پر دہ ہٹادیا ہے ،کرپٹ حکمرانوں نے ملک کی جڑوں کو کھو کھلا کر دیا ہے ، اس ظا لما نہ نظا م کو ہر صورت جا نا ہوگا