گوجرانوالہ نیوز
حافظ آباد
تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے فرضی مشقیں جاری
حافظ آباد:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ہارون جوئیہ کی ہدایت پر تعلیمی اداروں کی بھر پور سکیورٹی کے پیش نظر ضلع بھر میں فرضی مشقوں کاسلسلہ جاری ہے ۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول حافظ آباد اورپنڈی بھٹیاں میں فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول انتظامیہ کو پولیس افسران کی طرف سے سکیورٹی کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی ۔ علاوہ ازیں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس ، بم ڈسپوزل یونٹ ، ٹی ایم اے اور محکمہ ہیلتھ نے بھی طلبہ کو کسی بھی مشکل سے بچنے کیلئے مفید معلومات فراہم کیں۔
بزم نعت کے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرہ
حافظ آباد: بزم نعت کے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرہ محمد اسحق انصاری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز شاکر تھے ۔مشاعرہ میں عمران وکیل ،قاری محمد نور المبین ،رحمت علی انصاری ،مقامی شعراء کرام عبد الغنی ، ڈاکٹر ظہیر ، ذکاء اﷲ ، محمد قاسم ودیگر نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا -
کوٹ سرور کے قریب پولیس وین اور ٹرک میں تصادم ، 4اہلکار زخمی
حافظ آباد: کوٹ سرور کے قریب پولیس وین اور ٹکر میں تصادم سے چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ حادثہ تیز رفتار ی کی وجہ سے پیش آیا اور ٹرک بے قابو ہو کر کچہری جانے والی پولیس وین سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ حادثے کے بعد پولیس حکام نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو سر اور ٹانگوں پر معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم پولیس وین کا ڈرائیور زیادہ زخمی ہے
مدارس سے اسلام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچ رہا ہے :ضیا ء اﷲرضوی
حافظ آباد: عالمی تنظیم اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ محمد ضیا ء اﷲرضوی نے الجامعہ نصیر فاطمہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس سے اسلام کا آفاقی پیغام دنیا بھر میں پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہوکر مکار دشمن دینی مدارس کے خلاف سازشوں پر اتر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کو دبانے کی موجودہ مذموم کوششوں کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ تقریب سے مولانا یوسف القادری، صاحبزادہ محمد عینین مدنی، قاری غیاث ، چوہدری شہباز ، قاری انس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مضر صحت مربہ جات : 200ڈرم برآمد ،فیکٹری سیل ،مالک گرفتار
حافظ آباد: ڈی سی او محمد احمد رجوانہ کی ہدایت پر اے سی عمر فاروق وڑائچ نے ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر اور چیف آفیسر ٹی ایم اے محمد اشرف تھوتھڑ کے ہمراہ کوٹ حسن خان میں چھاپہ مار کر مضر صحت اور پھپوندی زدہ مربہ جات کے 200ڈرم قبضہ میں لے کر فیکٹری کو سیل کر دیا جبکہ مالک شکیل احمد کیخلاف تھانہ کسوکی میں مقدمہ درج کر وادیا جسے پولیس نے گرفتا ر کر لیا ۔ اس موقع پر اے سی عمر فاروق وڑائچ نے بتایا کہ کوٹ حسن خان میں واقع فیکٹر ی میں عرصہ دراز غیر معیاری مربہ تیار کیا جارہا تھا ۔
بغیر این او سی چلنے والے 5 پٹرول پمپس سیل
حافظ آباد: ڈی سی او محمد احمد رجوانہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر عمر فاروق وڑائچ نے بغیر این او سی چلنے والے پانچ پٹرول پمپس سیل کر دئیے ۔ کارروائی میں رائے صفدر علی پمپ لکھیا، رائے آصف سلطان پمپ کالیکی،رائے وزیر پمپ چک کھرل،گوندل پمپ چھنی ہنجرانواں اور سیف اﷲ پمپ مڑھ باشی کو تاحکم ثانی سیل کر دیا گیا ہے ۔مزید برآں اے سی عمر فاروق وڑائچ نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر اور چیف آفیسر ٹی ایم اے اشرف دھوتڑ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ نیلے ڈرموں میں دودھ اور کریم رکھنے پر آٹھ ڈیریز کو سیل کر دیا،سیل کی جانے والی ڈیریز میںکھرل ، انصاف اور نوید ڈیری جلاپور روڈ، شہباز اعوان اور عابد کریمی ڈیری کسوکے روٖڈ،بھٹی ڈیری گھوڑا چوک،آصف اور بٹ ڈیری مدہریانوالہ شامل ہیں .
طلبہ میں ایک لاکھ 35ہزار روپے کے وظائف تقسیم
حافظ آباد: ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کمیٹی کی جانب سے زکوٰ ۃ آفیسر محمد ظہیر اشرف ، پرنسپل قاضی اشفاق احمد،شہباز خان، چوہدری محمد اکرم اور حاجی بشیرو دیگر نے گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول جلالپور بھٹیاں کے 30طلبہ میں ایک لاکھ 35ہزار روپے کے وظائف تقسیم کئے -
حافظ آباد:بی آئی ایس پی کی رقم نہ ملنے پر خواتین کا احتجاجی مظاہرہ
حافظ آباد: بی آئی ایس پی کی رقم نہ ملنے پر خواتین کا احتجاجی مظاہرہ اور ملازمین کیخلاف نعرہ بازی کی۔ پنڈی بھٹیا ں کی رہائشی خواتین نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم نہ ملنے اور ملازمین کے ناروا رویہ کے خلاف ڈی پی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔دونوں ٹانگوں سے محروم 40سالہ خاتون بھی اپنے بھائی کے کندھوں پر بیٹھ کر احتجاج میں شریک ہوئی ۔ خواتین کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین نے دھوکہ دہی سے ہمارے اے ٹی ایم کارڈز لے لئے ہیں اور رقم نکلوا کر کھا جاتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ کا کہنا تھا کہ خواتین کی امدادی رقم ہڑپ کرنیوالے ملازمین کے خلا ف کارروائی کی جائے گی ۔
قیام امن کیلئے فوج کی خدمات قابل تعریف ہیں :اشرف جلالی
حافظ آباد: ادارہ صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں قیام امن اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاک فوج کی خدمات اور کاوشیں قابل تعریف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محب وطن شہری کسی صورت بھی پاکستان کو غیر ملکی چھاؤنی نہیں بننے دینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
پرنسپل نے اپنی تنخواہ سے سکول میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگوا دیا
حافظ آبا: پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ونیکے تارڑ نصرت جبین نے اپنی تنخواہ سے ادارہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کروادیا ہے ۔ جس سے سکول سٹاف اور بچوں میں خوشی کی لہر آگئی ۔ دوسرے ٹیچرز کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ایسے رفاہ عامہ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
4افراد نے دوشیزہ کو اغواء کر لیا
حافظ آباد: 4افراد نے دوشیزہ کو اغواء کر لیا ۔ حافظ آباد کے نواحی گاؤں طوتڑہ کی رہائشی سگی بہنیں فضیلت بی بی اور زینت بی بی رفع حاجت کے لئے کھیتوں میں گئیں تو 4 ملزمان بلال ، مختار وغیرہ نے فضیلت بی بی کو اغواء کر لیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
3من مضر صحت گوشت سمیت 2افراد گرفتار
حافظ آباد: سلاٹر ہاؤ س کے انچارج ڈاکٹر اظہر عباس ،محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم اور پولیس نے محلہ ببن بخاری میں چھاپہ مار کر کامران بٹ اور عمران شاہ کو 3من مضر صحت گوشت سمیت گرفتار کر لیا اور ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر وادیا ۔
ملازمہ سے زیادتی کے الزام میں نوجوان گرفتار
حافظ آباد: ملازمہ سے زیادتی کے الزام میں نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ موضع مانیکا کے نصر اﷲ نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسکی جوان سال بیٹی چودھری شاہد نواز بھٹی کے گھر میں ملازمہ تھی جہاں چودھری کا بیٹا شان علی اسے زیادتی کا نشانہ بنا تا رہا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کوگرفتار کر لیا ۔